تازہ ترین

کالج میں طالب علم کو شرارت مہنگی پڑ گئی

لاہور: پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے غیرملکی کالج میں طالب علم کو شرارت کرنا مہنگا پڑ گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے غیرملکی کالج کی برانچ میں طالب علم کی شرارت سے خوف و ہراس پھیل گیا، کینال ہاؤسنگ سوسائٹی کے حسین آصف کو گرفتار کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق حسین نے کلاس میں پستول نکال کر ویڈیو بنائی اور سوشل میڈیا پر شیئر کردی تھی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طالب علم کلاس کے اندر پستول نکال کر ویڈیو بنوا رہا ہے۔

ویڈیو دیکھتے ہی غیرملکی اسکول انتظامیہ نے انٹرپول کے ذریعے رابطہ کیا، ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایت پر سائبر ونگ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے طالب علم کو گرفتار کرلیا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ایف آئی اے سائبر ونگ نے ملزم کو گرفتار کیا تو پستول کھلونا نکلی، ڈی جی ایف آئی اے نے رپورٹ انٹرپول کے ذریعے متعلقہ انتظامیہ کو بھجوادی۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ملزم کو جعلی پستول سے واردات کرنا مہنگا پڑ گیا تھا، شہری نے ملزم سے پستول چھینی تو ملزم موٹر سائیکل پر فرار ہوگیا تھا۔

Comments

- Advertisement -