واشنگٹن : امریکہ میں روبوٹ کتے اب جدید اسلحہ بھی چلانے لگے، ان کتوں کی مدد سے مقررہ ہدف پر باآسانی کارروائی کی جاسکتی ہے۔
امریکہ میں روبوٹ ڈاگ کو اسنائپر رائفل سے لیس کر دیا گیا ہے جس کا مقصد پولیس اور مسلح افواج کی کسی بھی کارروائی کے دوران ان کی معاونت کرنا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فلاڈیلفیا کی ایک کمپنی نے چار ٹانگوں والے روبوٹ کی کمر پر 6 اعشاریہ 5 ملی میٹر کی گن فٹ کردی ہے، اس روبوٹک ڈاگ کو امریکہ کے ایک تجارتی شو میں متعارف کرایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ڈاگ روبوٹ گن کے ذریعے خودکار طریقے سے کسی انسان کی مدد کے بغیر ہدف کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے اور 3 سے 4 کلومیٹر دور بیٹھ کر روبوٹ میں موجود گن سے فائرنگ کی جا سکتی ہے۔
اس روبوٹ کو دور سے ہی ہدایات دی جا سکتیں کہ وہ اپنے گن کو لوڈ، ان لوڈ کر دے یا گولی بھی مار سکتا ہے تاہم کمپنی کی جانب سے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ روبوٹ کتنا گولہ بارود لے کر جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور نہ ہی اس کی قیمت واضح کی گئی ہے۔
روبوٹ کو بنانے والی کمپنی نے واضح کیا ہے کہ یہ ڈاگ روبوٹ دن اور رات دونوں وقتوں میں ایک جیسا کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔