نئی دہلی: بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان جیل میں ذہنی الجھنوں اور بے آرامی کا شکار ہوگئے، ان کی درخواست ضمانت پر گزشتہ روز فیصلہ محفوظ کیا گیا ہے۔
بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ کے صاحبزادے آریان خان جیل میں بے آرام اور پریشان دکھائی دیتے ہیں جبکہ وہ ذہنی الجھن کا شکار بھی ہیں۔
جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ منشیات کیس میں ممبئی کی آرتھر جیل میں موجود آریان خان اور دیگر ملزمان کو سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر جیل کی الگ الگ بیرکس میں رکھا گیا ہے۔
ممبئی کی خصوصی عدالت میں گزشتہ روز بھی آریان خان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی جس میں جج نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔
جج نے کہا ہے کہ فیصلہ 20 اکتوبر کو سنایاجائے گا تب تک آریان خان جیل میں رہیں گے۔
آریان خان 3 اکتوبر سے پولیس کی حراست میں ہیں،ان پر ممبئی کے کروز شپ تک ممنوعہ منشیات لے جانے کا الزام لگایا گیا ہے۔
اس مقدمے میں 20 کے قریب افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے آریان خان پر منشیات سے متعلق سنگین الزامات لگائے ہیں۔