اسلام آباد : حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں9 سے12روپے تک کا ہوشربا اضافہ کردیا، عالمی مارکیٹ میں 85ڈالر فی بیرل تک قیمتیں بڑھ جانے پر اضافہ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول مزید مہنگا کردیا۔
وزارت خزانہ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق قیمتوں میں 9 روپے سے 12روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، حکم نامہ کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 49 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا۔
وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 137 روپے 79 پیسے ہوگئی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 12روپے 44پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت134روپے48پیسےمقرر کی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں10روپے95پیسے کا اضافہ کے بعد نئی قیمت 110روپے 26پیسے ہوگئی۔
وزارت خزانہ کی جانب سے لائٹ ڈیزل کی قیمت میں8روپے84پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس سے لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت108روپے35 پیسے ہوگئی۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں 85ڈالرفی بیرل تک قیمتیں بڑھ جانے پر اضافہ کیا گیا، عالمی مارکیٹ میں اکتوبر 2018 کے بعد تیل کی یہ زیادہ سے زیادہ قیمت ہے۔