لاہور: لاہور بورڈ کی تاریخ کے انوکھے نتائج نے سب کو حیران کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کرونا امتحانی پالیسی نے ٹاپ پوزیشنز کو مٹی میں ملا دیا ہے، لاہور بورڈ نے میٹرک کا امتحان دینے والے 707 امیدواروں کو 1100 میں سے 1100 نمبر دے دیے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پورے نمبر دینے کی وجہ سے ٹاپ پوزیشن سسٹم ختم ہو گیا، کرونا نے پہلی تین پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ کا دور ہی ختم کر دیا۔
واضح رہے کہ لاہور بورڈ نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے، بورڈ کا کہنا ہے کہ کووِڈ پالیسی کے تحت نتائج کا اعلان کیا گیا ہے، جس میں میٹرک کے تمام بچوں کو پاس کر دیا گیا ہے، جب کہ غیر حاضر بچے فیل ہوئے ہیں۔
لاہور بورڈ نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کر دیا
امتحانات میں 2 لاکھ 88 ہزار 617 امیدوار کامیاب ہوئے، جب کہ مجموعی طور پر کامیابی کا تناسب 98.56 فی صد رہا۔
میٹرک امتحانات میں مجموعی طور پر 3 لاکھ 702 طلبہ نے درخواستیں دی تھیں، اور امتحانات میں 2 لاکھ 92 ہزار 836 امیدواروں نے شرکت کی۔
بورڈ کے مطابق اسپیشل امتحان گیارہ دسمبر سے لیا جائے گا، یہ اسپیشل امتحان غیر حاضر بچوں اور نمبروں سے ناخوش بچے دے سکیں گے۔