کراچی: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ عنایا خان کا کہنا ہے کہ انہیں ڈراموں میں آنے سے قبل گلوکاری کا شوق تھا لیکن اشتہار کرنے کے بعد اندازہ ہوا کہ اداکاری بھی کرسکتی ہوں۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامے ’میرے اپنے‘ میں منفی کردار ادا کرنے والی اداکارہ عنایا خان نے پروگرام ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں شرکت کی اور میزبان ندا یاسر کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات دئیے۔
عنایا خان نے بتایا کہ مجھے گلوکاری کا شوق تھا، کبھی اداکاری کی جانب آنے کا ارادہ نہیں تھا لیکن ایک دو اشتہار کرنے کے بعد اندازہ ہوا کہ اداکاری بھی کرسکتی ہوں۔
ندا یاسر نے پوچھا کہ گلوکاری کرتی ہیں تو سُر میں گنگناتی ہیں؟ اس پر اداکارہ نے بتایا کہ سُر کے ساتھ گنگناتی ہوں، میں نیویارک میں پیدا ہوئی ہیں، میرا زیادہ تر وقت کنسرٹس اور ڈزنی چینل دیکھ کر گزرا اسی لیے گلوکاری کا شوق ہوا۔
اداکارہ نے بتایا کہ میں نے گلوکاری کا شوق پاکستان آکر بھی پورا کیا، پاکستان میں کرسمس کر لائیو کنسرٹس کیے لیکن گلوکاری کو جاری اس لیے نہیں رکھ سکی کہ اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری کرنا مشکل ہے۔
اہلخانہ سے متعلق سوال پر عنایا خان نے بتایا کہ پہلے اہلخانہ نیویارک میں مقیم تھے لیکن کورونا کی وجہ یہاں موجود ہیں۔‘
ندا یاسر نے پوچھا کہ فیملی کے ساتھ آپ واپس امریکا چلی جائیں گی؟ اس کے جواب میں عنایا نے کہا کہ میں پاکستان میں پراجیکٹ کرکے امریکا چلی جاتی ہیں اور پھر ڈراموں کے لیے واپس آجاتی ہوں۔
عنایا خان نے کہا کہ کبھی سوچا نہیں تھا کہ اداکاری کروں گی لیکن اب ڈراموں میں آگئی ہوں تو بہت اچھا لگتا ہے۔
واضح رہے کہ عنایا خان اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامے ’میرے اپنے‘ میں ’مریم‘ نامی لڑکی کا منفی کردار ادا کررہی ہیں، ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں علی عباس، حاجرہ یامین، زویا ناصر، زینب شبیر، وسیم عباس، آغا مصطفیٰ حسن، اسامہ خان ودیگر نمایاں ہیں۔