اسکاٹ لینڈ میں ایک سائیکل چور اس وقت عجیب وغریب صورتحال کا شکار ہوگیا جب اس کی چرائی ہوئی سائیکل عین سائیکل کے مالک کے گھر کے سامنے خراب ہوگئی اور سائیکل کا مالک ہی اس کی مدد کرنے پہنچ گیا۔
جان ڈیولن نامی شہری نائٹ شفٹ مکمل کر کے اپنے گھر آرہا تھا کہ گھر کے قریب اس نے ایک شخص کو سائیکل کے ساتھ زور آزمائی کرتے ہوئے پایا، وہ اس شخص کی مدد کے لیے پہنچ گیا۔
اس دوران اسے سائیکل پر ایک اسٹیکر دکھائی دیا جو اسے جانا پہچانا لگا، سائیکل کے ساتھ لگا ہیلمٹ بھی اسے شناسا لگا، تب اچانک اسے احساس ہوا کہ یہ اسی کی سائیکل ہے جو چند روز قبل گھر کے باہر سے چوری ہوگئی تھی۔
جان نے اس شخص کو بتایا کہ یہ اس کی سائیکل ہے تو چور نے دوبارہ سائیکل اٹھائی اور بھاگنے لگا، اس دوران اس نے جیب سے چاقو نکال کر جان کو دھمکیاں بھی دیں۔
جان نے چور کا پیچھا کرتے ہوئے پولیس کو فون کردیا جو فوراً ہی موقع پر پہنچ کر چور کو پکڑنے میں کامیاب ہوگئی۔ بعد ازاں چور نے جان کے گھر کے بیرونی حصے میں نقب لگانے اور سائیکل چرانے کا اعتراف کرلیا۔
مقامی عدالت نے چور کو 15 ماہ قید کی سزا سنا دی۔