اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے گورنر پنجاب کی درخواست پر سب کیمپس ٹوبہ ٹیک سنگھ کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ملاقات کی جس میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے سب کیمپس ٹوبہ ٹیک سنگھ کو جامعہ بنانے کی منظوری دی گئی۔
ملاقات میں گورنر پنجاب نے وزیر اعظم سے درخواست کی کہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر سب کیمپس ٹوبہ ٹیک سنگھ کو باقاعدہ یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے۔
وزیر اعظم نے گورنر پنجاب کی درخواست پر یونیورسٹی کے قیام کو منظور کر لیا، وزیر اعظم نے یونیورسٹی کے قیام کے لیے تمام فنڈز فراہم کر نے کی بھی ہدایت کر دی ہے۔
گورنر پنجاب نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے عوام سے یونیورسٹی کے قیام کا وعدہ پورا کر رہے ہیں، یونیورسٹی کی منظوری دینے پر وزیر اعظم کا بھی شکر یہ ادا کرتا ہوں۔
یاد رہے کہ جون میں گورنر پنجاب چوہدری سرور نے زرعی یونیورسٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ کیمپس میں سولر سسٹم کا افتتاح بھی کیا تھا۔ انھوں نے اس موقع پر کہا تھا کہ سولر انرجی کاحصول آج کے دور میں ناگزیر ہے، توانائی کی ضروریات کو بہ آسانی پورا کرنے کے لیے شمسی توانائی بہترین متبادل ہے۔