mممبئی: نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے دعویٰ کیا ہے کہ بالی ووڈ اداکارہ اننیا پانڈے اور آریان خان کے لیے منشیات کا بندوبست کرنے پر راضی تھیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کروز شپ منشیات کیس میں بالی ووڈ اداکارہ اننیا پانڈے کو گزشتہ صبح پوچھ گچھ کے لیے این سی بی دفتر طلب کیا گیا تھا جہاں ان سے تین گھنٹے پوچھ گچھ کی گئی۔
اداکارہ سے تفتیش اور آریان کے خلاف کی جانے والی تحقیقات میں این سی بی افسران نے اننیا سے آریان کے ساتھ ہوئی واٹس ایپ چیٹ پر بھی بات کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق این سی بی نے دعویٰ کیا ہے کہ آریان اور اننیا واٹس ایپ چیٹ میں منشیات کے بندوبست پر بات کررہے تھے اور چیٹ سے انکشاف ہوا ہے کہ آریان نے اننیا سے پوچھا تھا کہ کیا گانجا کا کوئی انتظام ہوسکتا ہے؟ اس پر اننیا نے رضامندی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ انتظام کریں گی۔
مزید پڑھیں: این سی بی کا شاہ رخ خان کے گھر پر چھاپہ؟
بھارتی میڈیا کے مطابق پوچھ گچھ کے دوران یہی بات این سی بی افسران کی جانب سے اننیا سے پوچھی گئی تو اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ یہ مذاق کررہی تھیں۔
خیال رہے کہ اداکارہ اننیا پانڈے کو جمعہ کی صبح بھی پوچھ گچھ کے لیے ایک بار این سی بی اپنے دفتر طلب کیا گیا۔
دوسری جانب این سی بی نے شاہ رخ خان سمیت اداکار چنکی پانڈے کی بیٹی اداکارہ آننیا پانڈے کے گھر چھاپہ مارا تھا، بعدازاں این سی بی افسران نے شاہ رخ کے گھر چھاپے کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ آریان سے متعلق کوئی الیکٹرونک ڈیوائس لینے گئے تھے کوئی چھاپہ نہیں مارا۔
یاد رہے کہ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو 2 اکتوبر کے روز منشیات برآمدگی کیس میں کروز شپ پر چھاپہ مار کر گرفتار کیا گیا تھا، دو مرتبہ ان کی ضمانت کی درخواست مسترد ہوچکی ہے اب شاہ رخ خان نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔