الیکشن کمیشن آف پاکستان نے لاہور کی نشست حلقہ این اے 133 کے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے والے 14 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کو منظور کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کےحلقہ این اے133میں ضمنی انتخاب کے سلسلے میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا آج آخری دن تھا، الیکشن میں حصہ لینے کے لیے 20 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
الیکشن کمیشن نے 20میں سے 14 امیدواروں کےکاغذات نامزدگی کو درست قرار دیا جبکہ تین امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق بقیہ 3 امیدواروں کےکاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال آج مکمل کی جائےگی۔
مزید پڑھیں: این اے 133: پنجاب حکومت کا اہم مطالبہ
بتایا جارہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں جمشید اقبال چیمہ اور مسرت جمشید چیمہ کے کاغذات نامزدگی کی منظوری مشکلات کا شکار ہے کیونکہ دونوں امیدواروں کے تجویز اور تائید کنندگان کا تعلق متعلقہ حلقے سے نہیں ہے۔
دونوں امیدواروں کی درخواست پرکاغذات نامزدگی کی جانچ 30اکتوبرتک ملتوی کی گئی ہے۔
دوسری جانب ریٹرنگ آفیسر نے مسلم لیگ ن کی شائستہ پرویز، پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار چوہدری اسلم گل کےکاغذات نامزدگی منظور کرلیے۔