متحدہ عرب امارات میں کام کے دوران زخمی ہو کر زندگی بھر کے لیے معذور ہونے والے مزدور کو 250،000 درہم معاوضہ دینے کا حکم سامنے آ گیا۔
خلیجی میڈیا کے مطابق ابوظہبی کی کورٹ فار فیملی اینڈ سول ایڈمنسٹریٹو کلیمز نے مزدور کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے تعمیراتی کمپنی کو معذور ہونے والے شخص کو معاوضہ ادا کرنے کا حکم سنایا۔
40سالہ شخص ابوظہبی میں کام کے دوران حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے سبب اونچائی سے گرِ کر زخمی ہوا اور زندگی بھر کے لیے معذور ہو گیا۔
مزدور جس تختے پر کھڑا تھا اس کی اونچائی 10 میٹر تھی اور اچانک مزدور نیچے ٹھوس چیز پر جا گرا تھا۔ فرانزک رپورٹ کے مطابق مزدور کو ریڑھ کی ہڈی میں چوٹ لگی تھی جو کہ 45 فیصد مستقل معذوری کے برابر ہے۔
چوٹ کی وجہ سے کارکن کے چلنے کی صلاحیت قریباً 30 فیصد تک متاثر ہوئی ہے۔ کارکن اس چوٹ کے سبب زندگی بھر کے لیے تعمیراتی کارکن کے طور پر مزید فرائض انجام نہیں دے سکتا۔