ہفتہ, جولائی 5, 2025
اشتہار

ایوان بالا میں یوم اقبال پرعام تعطیل بحال کرنیکی قرارداد منظور

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : ایوان بالا (سینیٹ) نے 9 نومبر یوم اقبال کی چھٹی بحال کرنے کی قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی۔

تفصیلات کے مطابق ایوان بالا (سینیٹ) کے اجلاس میں 9 نومبر یعنی یومِ اقبال پر ماضی کی طرح عام تعطیل بحال کرنے کی قرار داد ایوان میں پیش کی گئی، قرارداد مسلم لیگ (ق) کے سینیٹر کامل علی آغا نے پیش کی۔

حکومتی اتحادی سینیٹر کی پیش کردہ قرار داد سینیٹ نے متفقہ طور پر منظور کرلی، اس حوالے سے کامل علی آغا کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال کی سالگرہ پر ہمیشہ چھٹی تھی، میری خواہش ہے کہ 9 نومبر کی چھٹی بحال ہو۔

چیئرمین سینیٹ نے قرار داد کی منظوری کے بعد معاملہ کابینہ اور حکومت کے حوالے کرتے ہوئے ہدایت کی کہ حکومت کے جواب سے ایوان بالا کو آگاہ کیا جائے۔

اس سے قبل 2018 میں قومی اسمبلی میں مسلم لیگ نواز کی نثار چیمہ کی جانب سے یوم اقبال کی عام تعطیل بحال کرنے کی قرار داد پیش کی گئی تھی، جس کی حکومت نے تو مخالف کی ہی تھی ساتھ ہی ساتھ ن لیگی رہنما احسن اقبال نے بھی یہ کہتے ہوئے مخالفت کی تھی کہ ‘علامہ اقبال نےمحنت کادرس دیا ہے، ہربات پرچھٹی کا نہیں’۔

واضح رہے کہ 9 نومبر کو شاعرِ مشرق علامہ اقبال کا یوم پیدائش منایا جاتا ہے، علامہ اقبال برصغیر پاک و ہند کے عظیم شاعر تھے جنہوں نے سب سے پہلے پاکستان کا تصور پیش کیا تھا، ان کے اس تصور کو پاکستان کے خواب سے بھی تعبیر کیا جاتا ہے۔

علامہ اقبال کا بیش تر کلام جوانوں میں عقابی روح پھونکنے، ان میں غیرتِ ملی کو بیدار کرنے اور انہیں ہمہ وقت آمادہٗ عمل رہنے کے فلسفے پر مشتمل ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں