اسلام آباد : ایف آئی اے نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فراڈ کرنے والا غیر ملکی گروہ گرفتار کرلیا، ملزمان اقوام متحدہ اور امریکن فوجی افسر بن کر لوگوں سے رقم اینٹھا کرتے تھے۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے عملے نے اقوام متحدہ اور امریکن فوجی افسر بن کر فراڈ کرنے والا غیر ملکی گروہ گرفتار پکڑ لیا۔
مذکورہ کارروائی کے دوارن ملزمان کے قبضے سے متعدد موبائل فون اور مختلف کمپنیوں کی سمیں بھی برآمد کر لی گئیں۔ گرفتار ہونے والے تینوں ملزمان کا تعلق نائیجریا سے ہے۔
اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ گرفتار تین ملزمان نے ایک شہری سے پانچ لاکھ ستر ہزار روپے ہتھیائے تھے، ملزمان کو سیکٹر ایچ تیرہ اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے سائبرکرائم حکام کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان میں فراڈ کی وارداتیں کرنے والا یہ سب سے بڑا غیر ملکی گروہ ہے جس پر قابو پالیا گیا ہے۔
ملزمان نے فراڈ کے لئے فیس بک پر جعلی آئی ڈی بنا رکھی ہے، اس گروہ کے5 ارکان پہلے ہی گرفتار ہوچکے ہیں جن کے قبضے سے بھی موبائل فون اور غیر قانونی سمیں برآمد ہوئی تھیں۔