اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے اپنی زیر صدارت کور کمیٹی اجلاس میں آج آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں شکست کا حوالہ بھی دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیر اعظم نے اپوزیشن کے سیاسی معاملات پر گفتگو سے گریز کیا، اور معیشت، مہنگائی اور عوامی ریلیف کے اقدامات پر گفتگو کی۔
اس دوران وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر قومی کرکٹ ٹیم کو نہ گھبرانے کا مشورہ دیا، انھوں نے گفتگو کے دوران سیمی فائنل میچ میں شکست کا حوالہ دیا، اور ارکان سے کہا کل کے میچ میں آپ نے دیکھا کیا ہوا؟
وزیر اعظم نے کہا کہ پُر اعتماد ٹیم جیسے ہی خوف کی جانب گئی تو بولنگ غلط ہونے لگی، بظاہر ٹیم آخر میں دباؤ کو بہتر طریقے سے ہینڈل نہیں کر سکی، اگر ٹیم آخر تک پُر اعتماد رہتی تو نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا۔
آسٹریلیا سے شکست کے بعد وزیراعظم کا بیان آگیا
وزیر اعظم نے اجلاس میں ویلفیئر کے حکومتی اقدامات کو عوام تک پہنچانے پر زور دیا، انھوں نے کہا ویلفیئر کے اتنے کام ہو رہے ہیں، ہم انھیں عوام تک کیوں نہیں پہنچا پا رہے؟
عمران خان نے ہدایت کی کہ لوگوں کو آسان الفاظ میں بتائیں کہ حکومت ان کے لیے کیا کر رہی ہے، مہنگائی کیوں ہے؟ عام آدمی کو اس کی وجوہ سے آگاہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ عام آدمی کا ریلیف اس وقت حکومت کی توجہ کا مرکز ہونا چاہیے، ہم آنے والے دنوں میں مزید سہولتوں کا اعلان کریں گے۔