کراچی: وزیربلدیات سندھ کی ہدایت پر واٹراینڈ سیوریج بورڈ کی کئی ایکڑ اراضی کو واگزار کرالیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کی ہدایات پر واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی اراضی پر غیر قانونی قبضہ کرنے والوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا گیا۔
واٹر بورڈ اور پولیس کے مشترکہ گرینڈ آپریشن میں نارتھ ایسٹ کراچی فلٹر پلانٹ کالونی میں واٹر بورڈ کی 20 ایکڑ سے زائد قیمتی اراضی کو واگزار کرایا گیا۔
آپریشن میں چیف سیکیورٹی آفیسر سمیت واٹر بورڈ کے دیگر افسران شریک تھے۔
مزید پڑھیں: کراچی، سول ایوی ایشن کی قبضہ کی گئی زمین واگزار
مینیجنگ ڈائریکٹر واٹر بورڈ اسد اللہ خان کے مطابق سرکاری اراضی قبضہ مافیا کی جانب سے چار دیواری تعمیر کردی گئی تھی، جسے مسمار کردیا گیا۔
ایم ڈی واٹر بورڈ نے ہدایت کی کہ واٹر بورڈ کی اراضی کی حفاظت کیلئے کوئی کسر نہ چھوڑی جائے، ایک ایک انچ سرکاری اراضی کی حفاظت کی جائے اور اس کے لیے پولیس سمیت دیگر اداروں سے مدد حاصل کی جائے۔
ایم ڈی واٹر بورڈ نے مشترکہ آپریشن میں تعاون کرنے پر ڈی آئی جی ویسٹ اور ایس ایس پی ویسٹ کے بھرپور تعاون پر اُن کا شکریہ بھی ادا کیا۔