کراچی کے ستر سالہ بزرگ ویلڈر نسیم الدین نے انگلینڈ کے کھلاڑی کو شکست دے کر ورلڈ ریکارڈ بنا ڈالا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے ستر سالہ بزرگ ویلڈر نسیم الدین نے مٹھی میں سیب رکھ کر توڑنے کے عالمی مقابلے میں انگلینڈ کو شکست دی۔
واضح رہے کہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی سالگرہ پر پوری دنیا میں ورلڈ ریکارڈ توڑنے کا سلسلہ جاری رہا، ستر سالہ نسیم الدین کو بھی خصوصی اجازت دی گئی تھی۔
نسیم الدین نے ایک منٹ میں 13 کے مقابلے میں اٹھارہ سیب توڑ ڈالے۔
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے نسیم الدین کا ریکارڈ کی تصدیق کرتے ہوئے ای میل بھی جاری کردی۔
بزرگ شہری نسیم الدین کا کہنا تھا کہ ورلڈ ریکارڈ بنانے پر خوشی ہے، یقین نہیں آرہا کہ عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔
سیم الدین کا ریکارڈ بنانے کے بعد بتایا کہ ساری زندگی لوہے کے ساتھ کام کیا ہے اس لیے ہاتھ بھی لوہے کا ہی ہو گیا ہے، خواہش تھی کے میں پاکستان کا نام روشن کروں اور اللہ کا شکر ہے کہ اس میں کامیابی ملی۔
انہوں نے کہا کہ یہ ریکارڈ پاکستان کرکٹ ٹیم کے نام کرتا ہوں جنہوں نے پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میں بھارت کو شکست دی۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ نسیم الدین پاکستان کے لئے مارشل آرٹس اور 73 عالمی ریکارڈ بنانے والے محمد راشد نسیم کے والد ہیں جبکہ ان کی پوتی بھی صرف 7 سال کی عمر میں ورلڈ ریکارڈ بنا چکی ہیں۔
واضح رہے کہ نسیم الدین کراچی میں ویلڈنگ کرتے ہیں اور یہی ان کا ذریعہ معاش ہے۔