ہفتہ, جولائی 5, 2025
اشتہار

شاہین شاہ آفریدی نے معافی مانگ لی، ویڈیو دیکھیں

اشتہار

حیرت انگیز

ڈھاکا: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے عافیف حسین سے معافی مانگ لی۔

پاکستان اور بنگلادیش کی ٹیموں کے درمیان دوسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں ایک موقع پر شاہین شاہ آفریدی نے بال کو تیز تھرو کیا، جو عافیف حسین کے ٹخنے پر زور سے لگی۔

گیند لگنے کے بعد عافیف تکلیف کی وجہ سے میدان میں لیٹ گئے، جس کے بعد ڈاکٹرز کو طلب کر کے معائنہ کرایا گیا۔

بعد ازاں ہنگامی طبی امداد کے بعد عافیف نے بیٹنگ کو جاری رکھا اور وہ 20 رنز بنا کر شاداب کی گیند پر کیپر کیچ آؤٹ ہوئے۔

میچ کے بعد شاہین شاہ آفریدی بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے عافیف کے پاس گئے، مصافحہ کر کے خیریت دریافت کی اور تھرو لگنے پر اُن سے معذرت بھی کی۔

خیال رہے کہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی ہے۔

بنگلادیش نے پاکستان کو جیت کیلئے 109 رنز کا ہدف دیا جو اس نے 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

ڈھاکا کے شیر بنگلا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں بنگلادیش کے کپتان محمود اللہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو زیادہ کارگر ثابت نہ ہوا اور میزبان ٹیم مقررہ اوورز میں صرف 108 رنز ہی بناسکی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے بولرز نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور کسی بھی بیٹر کو زیادہ دیر کریز پر ٹکنے نہ دیا۔

اوپنر سیف حسن شاہین کی گیند پر بنا کوئی رن بنائے ایل بی ڈبلیو ہوگئے جس کے یکے بعد دیگرے بنگلادیش کی وکٹیں گرنے لگیں۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان اور شاہین شاہ آفریدی نے 2 جب کہ وسیم جونیئر، محمد نواز اور حارث رؤف نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں