تازہ ترین

بھارت: گھر کی پائپ لائن سے پانی کی جگہ لاکھوں روپے نکل آئے (ویڈیو)

کرناٹک: بھارت میں ایک سرکاری افسر کے گھر کی پائپ لائن سے لاکھوں روپے برآمد کیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست کرناٹک کے ضلع کلبرگی میں پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ کے ایک افسر شانتھا گاؤدا برادر نے کرپشن کی رقم چھپانے کے لیے اپنے گھر میں خصوصی طور پر ایک الگ پائپ لائن بنائی تھی۔

تاہم، پی ڈبلیو ڈی کے انجینئر کی یہ چالاکی کام نہ آ سکی، جب اینٹی کرپشن بیورو کے حکام نے خفیہ اطلاع پر چھاپا مارا تو گھر کی اچھی طرح تلاشی کے بعد آخر کار چھپائی گئی رقم برآمد کر لی گئی۔

رپورٹس کے مطابق انجینئر شانتھا گاؤدا نے پائپ لائن میں 25 لاکھ روپے کے نوٹ چھپا رکھے تھے، پائپ لائن توڑی گئی تو اس میں سے بڑی مقدار میں سونا بھی نکل آیا۔

اینٹی کرپشن کے حکام نے تلاشی کے دوران جب معلوم کیا کہ نوٹ پائپ لائن میں ہیں، تو ایک پلمبر کو بلایا گیا، جس نے پائپ لائن کھول کر پیسے برآمد کر لیے۔

چھاپے کے دوران بنائی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حکام اور پلمبر پائپوں کے حصے ہٹا رہے ہیں اور اندر سے نوٹوں کی گڈیاں نکل رہی ہیں، بظاہر یہ پائپ دکھاوے کے لیے تھے تاکہ غیر قانونی رقم چھپائی جا سکے۔

Comments

- Advertisement -