کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی نے سندھ میں ایک بار پھر نیا بلدیاتی نظام لانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی بلاول بھٹو زرداری نے بھی منظوری دے دی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ میں نئےبلدیاتی نظام کی منظوری دے دی، جس کے بعد کل نئے بلدیاتی نظام کا بل اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
پاکستان پیپلزپارٹی بل کی منظوری کے حوالے سے پُرامید ہے اور بتایا جارہا ہے کہ منظوری کے بعد مجوزہ بلدیاتی نظام میں بڑی تبدیلیاں کی جائیں گی۔
نئے بلدیاتی نظام کے تحت کراچی میں ضلع کونسل اور ڈی ایم سی کے نظام کو ختم کر کے صوبے کے ہر ڈویژن میں ٹاؤن سسٹم نافذ کیا جائے گا، کراچی میں ضلع کونسل اورڈی ایم سیزکی جگہ 25 ٹاؤنز تشکیل دیے جائیں گے، جو جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور میں 18 تھے۔
نئےبلدیاتی نظام میں میئرکراچی کو مزیداختیارات دیے جائیں گے جبکہ یونین کونسل کے چیئرمینز بھی بااختیار ہوں گے۔ نئےنظام میں میونسپل سہولیات کو ایک پلیٹ فارم میں یکجاکیاجائےگا۔
پاکستان پیپلزپارٹی نے نئےبلدیاتی نظام میں ایم کیوایم اورجماعت اسلامی کی تجاویزکو بھی شامل کیا ہے۔