اسلام آباد: ترجمان وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ توقع کے مطابق خوراک کی قیمتیں گرنا شروع ہو گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم نے ایک بیان میں کہا کہ ٹماٹر، پیاز، چینی، آٹا، چکن، چاول، گڑ میں ہفتہ وار کمی کا رجحان ہے۔
مزمل اسلم کے مطابق آلو، دال مونگ، ٹماٹر، اور پیاز کی قیمتوں میں زبردست کمی واقع ہوئی ہے، تاہم تمام درآمدی آئٹمز بشمول تیل اب بھی مہنگے ہیں۔
ادھر آج مشیر خزانہ شوکت ترین نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈالر 8 سے 9 روپے نیچے آ جائے گا، ہم ایسے اقدامات کر رہے ہیں جس سے ملکی کرنسی مزید مضبوط ہوگی۔
امریکی ڈالر 8 سے 9 روپے نیچے آئے گا، شوکت ترین کا بڑا دعویٰ
مشیر خزانہ شوکت ترین نے اسٹاک ایکس چینج میں تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ہو چکا ہے اور ہم کوئی نیا ٹیکس نہیں لگا رہے ہیں، کچھ سیکڑز میں ٹیکسز کی شرح کم ہے ان کو بڑھا سکتے ہیں۔
شوکت ترین کا کہنا تھا کہ پاکستانی کرنسی ڈالر کے مقابلے میں انڈر ویلیو ہے، رئیل ایفیکٹو ایکسچینج ریٹ کے مطابق اس وقت ڈالر انٹر بینک مارکیٹ میں 165 سے 167 روپے تک ہونا چاہیے۔