ٹنڈوالہ یار: صوبہ سندھ کے شہر ٹنڈوالہ یار میں ایک اور لڑکی نے خود کشی کر لی۔
تفصیلات کے مطابق ٹنڈوالہ یار کی رہائشی ایک خاتون نے پسند کی شادی کی، لیکن گھر والوں نے زبردستی شوہر کو راکھی بندھوائی، جس پر دل برداشتہ ہو کر لڑکی نے خود کشی کر لی۔
رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ ٹنڈوالہ یار کے علاقے تھانہ سلطانہ آباد کی حدود خواجہ گھوٹ میں پیش آیا، 17 سالہ طالبہ نے 8 نومبر کو حیدرآباد میں پسند کی شادی کی تھی۔
حیدر آباد میں شادی کے بعد یہ جوڑا کراچی آ کر رہنے لگا، تاہم اہل خانہ نے انھیں تلاش کر لیا اور انھیں کراچی سے ٹنڈوالہ یار واپس لے گئے۔
بتایا جا رہا ہے کہ لڑکی نے مبینہ طور پر خود کشی کی ہے، اس کے ماں باپ، 2 چچا اور 2 علاقے کے دیگر افراد نے جوڑے کو زبردستی طلاق دلوائی، اور پھر شوہر کو راکھی بھی بندھوا لی، جس پر اس نے اپنی جان لے لی۔
پولیس نے اس سلسلے میں انکوائری رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی ہے، عدالت نے والدین، سلطان آباد تھانے کے ایس ایچ او کو 2 دسمبر کو طلب کر لیا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق لڑکی نے پسند کی شادی کی تھی جس کے بعد وہ کراچی میں رہنے لگے تھے، لڑکی اور لڑکا کزنز ہیں، لیکن خاندان سے ڈر کر کراچی گئے تھے، لڑکی کے والدین دونوں کو کراچی سے واپس لے کر آئے تھے، اس کے بعد ان کی زبردستی طلاق کرائی گئی، مزید تحقیقات جاری ہیں۔