ریاض: کورونا وائرس کی سب سے خطرناک سمجھی جانے والی قسم ‘اومی کرون’ اب سعودی عرب بھی پہنچ گئی، مملکت میں نئے ویرینٹ کا یہ پہلا کیس ہے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں اومی کرون کا پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے، اومی کرون وائرس شمالی افریقہ سے آئے مسافر میں پایا گیا، انتظامیہ نے متاثرہ شخص اور سے رابطے میں رہنے والے افراد کو قرنطینہ کردیا۔
سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اومی کرون وائرس کے کیس کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔
اومی کرون کا کیس ایسے وقت میں سامنے آیا کہ جب سعودی حکام نے سفری پابندیاں ختم کردی ہیں اور مسافروں کو براہ راست مملکت آنے دیا جارہا ہے۔
خیال رہے کورونا قسم جیسے نئے چیلنج سے نمٹنے کے لیے حکومت کا لائحہ عمل کیا ہوگا اور کیا پھر سے سفری پابندیاں عائد کی جائیں گی یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہوگا۔
مملکت میں کورونا کی موجودہ صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد نئی حکمت عملی سامنے آئے گی۔