ریاض: سعودی حکومت نے کورونا وائرس کی نئی قسم ‘اومیکرون’ سے بچنے کے لیے اقدامات شروع کردیے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت تجارت نے واضح کردیا کہ بوسٹر ڈوز یکم فروری سے تجارتی مراکز میں شاپنگ میں داخلے کے لیے ضروری ہوگی۔
وزارت کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں 18 برس اور اس سے زیادہ عمر کے کسی شہری اور غیر ملکی کو جس نے بوسٹر ڈوز نہ لگوائی ہو اسے تجارتی مراکز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سعودی وزارت نے کہا کہ ویکسین کی دوسری خوراک لینے والے ایسے تمام افراد پر یہ پابندی لاگو ہوگی جنہیں دوسری خوراک لیے آٹھ ماہ یا اسے زیادہ گزر چکے ہوں۔
حکام نے تجارتی مراکز پر زور دیا ہے کہ وہ اس پابندی پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
دوسری جانب سعودی وزارت صحت نے 18 برس اور اس سے زیادہ عمر کے لیے کورونا ویکسین کی تیسری خوراک لگانے کا شیڈول جاری کیا ہے۔
سعودی عرب میں ویکسین کی تیسری خوراک پہلی ڈوز کے چھ ماہ بعد لگائی جائے گی۔