کراچی: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 17 دسمبر کو کراچی کے مختلف اضلاع میں احتجاج کا اعلان کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 17 دسمبر کو پیپلزپارٹی کراچی کے مختلف اضلاع میں گیس بحران اور مہنگائی کے خلاف احتجاج کرے گی، 27 دسمبر کو گڑھی خدا بخش میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، آئی ایم ایف ڈیل اسی طرح چلتی رہے گی تو عوام تکلیف میں ہوں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سیاسی، حکومتی لیول پر کوششیں سب کے سامنے ہے، پی پی خلوص نیت سے محنت کررہی ہے، جانتے ہیں مشکلات بھی ہیں، ہماری کوشش ہے کہ عوام کے مسائل کم کریں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ سیاسی سطح پر حکومت کا مقابلہ ہر سیاسی میدان میں کررہے ہیں، کراچی کو سنبھال سکتے ہیں، کراچی کو اس کا حق دلا سکتے ہیں، کوشش ہے پیپلزپارٹی کی حکومت وفاقی سطح پر قائم ہو۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہماری سیاسی نظام کی کامیابی ہے کہ بلدیاتی حکومت کی مدت مکمل ہوئی۔ نئی قانون سازی میں گزشتہ نظام سے زیادہ ذمہ داریاں دی جارہی ہیں، نئے قانون کے تحت پراپرٹی ٹیکس نظام بلدیاتی حکومت کو دے رہے ہیں، پراپرٹی ٹیکس سے مقامی لوگوں کے مسائل حل ہوسکیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ صحت، تعلیم، لوکل پولیسنگ بلدیاتی حکومت کو جوابدہ ہوگی، واٹر بورڈ، ویسٹ مینجمنٹ بلدیاتی حکومت کو جوابدہ ہوگی، امید کرتے ہیں اس نظام سے کراچی کو زیادہ فائدہ ہوگا۔