جمعہ, جنوری 3, 2025
اشتہار

پاک بحریہ دشمن کی مہم جوئی کا جواب دینے کے لیے تیار ہے، نیول چیف

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : پاکستان نیوی آج ہنگور ڈے کی گولڈن جوبلی منا رہی ہے ہنگور ڈے پاکستان نیوی کی آبدوز ہنگور کے جرات مندانہ عمل اور بے مثال بہادری کی یاد میں1971 کی جنگ کے غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔

یہ شاندار بحری کارروائی ہندوستان کے مغربی ساحل پر "ڈیو ہیڈ” کے جنوب مشرق میں ہوئی، دوسری جنگ عظیم کے بعد یہ پہلا واقعہ ہے جس میں کسی آبدوز نے بحری جہاز کوڈبو دیا تھا۔

- Advertisement -

بھارتی بحریہ کے جہاز ککری کے ڈوبنے کے 50 سال مکمل ہونے پر گولڈن جوبلی کی مناسبت سے پاکستان نیوی کی جانب سے کراچی میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی مہمان خصوصی تھے۔1971میں آبدوز ہنگور کے کمانڈنگ آفیسروائس ایڈمرل (ر) احمد تسنیم نے اس موقع پر بطوراعزازی مہمان شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ پاک بحریہ دشمن کی طرف سے لاحق کسی بھی خطرے اور مہم جوئی کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور کی فتح دشمن کے لیے ایک سبق اور ہماری آبدوز فورس کی پیشہ ورانہ مہارت اور بے لوث لگن کا عملی مظہر ہے۔

نیول چیف نے 1971 کی جنگ کے دوران ہنگور کی جرات مندی کو پاک بحریہ کااعزازقرار دیا کیونکہ یہ کارروائی نہ صرف ایک شاندار جنگی حکمت عملی کا بھرپور مظاہرہ تھی بلکہ اسٹریٹجک ڈومین میں بھارتی جارحانہ عزائم کو موثر طریقے سے ناکام بنانے میں بھی اہم کردار کی حامل رہی۔

ایڈمرل امجد خان نیازی نے مزید کہا کہ بھارتی آبدوز ککری کے ڈوبنے سے ہندوستانی بحریہ کے حوصلے پست ہوگئے اور جنگ مزید جاری رکھنے کی ہمت ٹوٹ گئی۔

نیول چیف نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہمارے غازیوں کے متاثر کن کردار، بے پناہ قربانیوں اور جرات مندانہ کارروائیوں نے پاک بحریہ کو ایک مضبوط بحری قوت بنانے میں مدددی ہے۔

ہنگور کی گولڈن جوبلی پر صدر و سی ای او اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک سلمان اقبال نے پاکستان نیوی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا، انہوں مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورا پاکستان مسلح افواج کا شکر گزار ہے، آپ کی ہی وجہ سے آج ہم محفوظ اور پرسکون ہیں۔

تقریب سے جنگی ہیرو، وائس ایڈمرل (ر) احمد تسنیم نے بھی خطاب کیا جنہوں نے اس شاندار کارروائی کی قیادت کی تھی۔ انہوں نے کامیابی کا سہرا پوری ٹیم کو دیا جنہوں نے حتمی کامیابی کے حصول کے لئے قدم قدم پر اپنا کردار ادا کیا۔

تقریب میں ہنگور کے غازیوں اور بڑی تعداد میں پاک بحریہ کے سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسروں نے شرکت کی۔

Comments

اہم ترین

انجم وہاب
انجم وہاب
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں