کراچی: ویسٹ انڈیز کے تین کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا جس کی تصدیق ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے کردی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ٹی 20 اور ون ڈے سیریز کھیلنے کے لیے کراچی میں موجود ویسٹ انڈیز کے تین کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔
ویسٹ انڈین کھلاڑی روسٹن چیز، شیلڈون کوٹریل، کائل مائرز کورونا سے متاثر ہوئے، تینوں کھلاڑیوں کو سیریز سے باہر کردیا گیا ہے۔
ویسٹ انڈین سپورٹ اسٹاف کے ایک رکن بھی کورونا سے متاثر ہوئے، کورونا سے متاثر ہونے والے تمام افراد کو آئسولیٹ کردیا گیا۔
Chase, Cottrell and Mayers unavailable for T20I Series in Pakistan after COVID-19 positive tests | Read More: https://t.co/bYHZ27FrrL
— Windies Cricket (@windiescricket) December 11, 2021
ویسٹ انڈین بورڈ کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد مکمل ویکسین شدہ ہیں اور ان میں کوئی علامات نہیں ہیں، واضح رہے کہ پاکستان آمد پر تمام افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے تھے۔
سی ای او ویسٹ انڈین بورڈ جونی گریو کا کہنا ہے کہ کورونا سے متاثر ہونے کے باوجود دورہ جاری رہے گا، اسکواڈ کے بقیہ تمام افراد کے دو ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تین کھلاڑیوں کے کورونا سے متاثر ہونے سے تیاریاں متاثر ہوں گی۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم ٹی 20 اور ون ڈے سیریز کھیلنے کے لیے کراچی میں موجود ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ 13 دسمبر کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔