ریاض: سعودی ایئرپورٹس پر ٹیکسیوں کے نئے نرخ نامے کی منظوری ہوئی ہے، کسی ہوائی اڈے پر 5 ریال تو کہیں 15 ریال ٹیکسی کا کرایہ مختص کیا گیا ہے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مملکت کے وزیر نقل و حمل و لاجسٹک خدمات انجینئر صالح الجاسر نے سعودی عرب کے ہوائی اڈوں پر ٹیکسیوں کے نئے نرخ نامے کی منظوری دی ہے۔
سعودی پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور محکمہ شہری ہوابازی کے نمائندوں پر مشتمل مشترکہ کمیٹی نے ایئرپورٹس کی ٹیکسیوں کے لیے نیا نرخ نامہ تیار کیا جس کی اب منظوری ہوئی۔
وزارت نقل و حمل کا کہنا ہے کہ داخلی پروازوں والے مملکت کے 12 ایئرپرٹس پر ٹیکسیوں کے نئے نرخ نامے پر عمل درآمد شروع ہوگا، مسافروں کے لیے ٹیکسی کرائے کی شروعات پانچ اور پندرہ ریال سے ہوگی۔
سعودی ریجن قصیم ، حائل اور تبوک ایئرپورٹ پر ٹیکسیاں 15 ریال سے کرایہ شروع کریں گی۔
جبکہ الجوف اورعرعر ایئرپورٹ پر ٹیکسیوں کے کرایوں کی شروعات 10 ریال سے ہوگی۔ اسی طرح دیگر ایئرپورٹس سے ٹیکسیوں کا کرایہ 5 ریال سے شروع ہوگا۔