ہانگ کانگ کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں آگ لگ گئی، جس کے باعث درجنوں افراد فلک بوس عمارت میں محصور ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق آگ شاپنگ مال کی پہلی منزل پر اس علاقے میں لگی، جہاں تزئین و آرائش کا کام جاری تھا، آگ کے باعث عمارت کی تیسری منزل پر ہر طرف دھواں ہی دھواں پھیل گیا اور 160 سے زائد افراد محصور ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی حکام کی جانب سے فائر الارم کے بعد عمارت کے اطراف ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور فائر ٹینڈرز کو فوری طلب کیا گیا، فائر فائٹرز جائے وقوعہ پر پہنچے اور انہوں نے عمارت میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کے لئے ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا۔
فائر فائٹرز نے 20 سے زائد افراد کو ریسکیو کرلیا ہے تاہم اب بھی درجنوں افراد متاثرہ عمارت میں محصور ہیں، جنہیں نکالنے کے لئے کوششیں جاری ہیں۔
ریسکیو ٹیموں کا کہنا ہے کہ چار زخمیوں کو بھی عمارت سے نکالا گیا ہے، جس میں 57 سالہ خاتون بھی شامل ہیں، زخمی خاتون کو دھوئیں کے باعث سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا۔
واضح رہے کہ ورلڈ ٹریڈ سینٹر ایک تجارتی عمارت ہے، اس میں 14 منزلہ شاپنگ آرکیڈ اور 25 منزلہ آفس ٹاور شامل ہے۔