کراچی: دورہ پاکستان پر موجود ویسٹ انڈیز ٹیم میں مزید 5 کرونا کیسز رپورٹ ہوگئے ہیں، ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ آج اہم اعلان کرنے جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ویسٹ انڈیز کےمزید تین کھلاڑیوں کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے، شائےہوپ، عقیل حسین اور جسٹن گریوز کرونا کا شکار ہوگئے ہیں، تینوں کھلاڑی آئسولیشن میں چلے گئے ہیں۔
ویسٹ انڈیزبورڈ نے مزید بتایا کہ بولنگ کوچ راڈی ایسٹ وک اور ٹیم ڈاکٹربھی کرونا سے متاثر ہوئے ہیں۔
ویسٹ انڈیزبورڈ کے مطابق غیر معمولی صورت حال کے باعث پی سی بی اور ویسٹ انڈیز کے آفیشلز کی درمیان آج اہم ترین میٹنگ ہوگی،جس میں دورےکو جاری رکھنےسے متعلق فیصلہ ہوگا۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کیمپ میں مزید کرونا کیسز کی خبر بارباڈوس کے اخبار دی نیشن کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ویسٹ انڈیز کے تین کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا
یاد رہے کہ 12 دسمبر کو بھی ویسٹ انڈیز کے تین کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، ویسٹ انڈین کھلاڑی روسٹن چیز، شیلڈون کوٹریل، کائل مائرز کورونا سے متاثر ہوئے، تینوں کھلاڑیوں کو سیریز سے باہر کردیا گیا تھا۔
اس طرح دورہ پاکستان پر آنے والی کیئربین ٹیم کے کھلاڑی اور اسٹاف سمیت 8 افراد کرونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔
ویسٹ انڈین بورڈ کا کہنا تھا کہ متاثرہ افراد مکمل ویکسین شدہ ہیں اور ان میں کوئی علامات نہیں ہیں، واضح رہے کہ پاکستان آمد پر تمام افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے تھے۔