سابق بھارتی کرکٹر سنیل گواسکر کا کہنا ہے کہ رواں سال ستمبر میں دیے جانے والا بیان کوہلی کو ون ڈے کی کپتانی سے ہٹانے کی وجہ ہوسکتا ہے۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سنیل گواسکر نے کہا کہ میں نے ویرات کوہلی کی پریس کانفرنس سنی اور مجھے لگتا ہے کہ اس لائن کو تبدیل کیا جاسکتا تھا کہ میں ٹیسٹ اور ون ڈے میں بھارت کی قیادت کرنے کے لیے دستیاب ہوں۔
سنیل گواسکر نے کہا کہ ویرات کوہلی کے پاس ہر جگہ جیتنے کا ریکارڈ ہے، انہوں نے آئی سی سی ایونٹس نہیں جیتے لیکن دو طرفہ ایونٹس جیتے ہیں، کوہلی کی قیادت میں ہمیشہ بھارتی ٹیم کو فتح ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یہی لگتا ہے کہ ستمبر میں جو ویرات کوہلی نے ٹی ٹوئنٹی کپتانی چھوڑتے وقت بیان دیا تھا، اُسی وجہ سے انہیں ون ڈے کی کپتانی سے ہٹایا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز سے قبل ویرات کوہلی کا اہم اعلان
واضح رہے کہ بی سی سی آئی کی جانب سے روہت شرما کو ون ڈے ٹیم کا کپتان بنائے جانے کے بعد بھارتی کرکٹ میں نیا تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔
ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی ہیں جبکہ جنوبی افریقا کے خلاف ہونے والی سیریز میں روہت شرما کو ٹیسٹ سے باہر رکھا گیا جبکہ ویرات کوہلی نے ون ڈے کھیلنے سے معذرت کی تھی بعدازاں ان کا کہنا تھا کہ وہ ون ڈے کے لیے دستیاب ہیں۔
کوہلی کا کہنا تھا کہ میں نے ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی چھوڑنے کا خود کہا سلیکشن کمیٹی نے مجھ سے ٹیسٹ ٹیم کی سلیکشن کا پوچھا اور بتایا کہ میں ون ڈے کا کپتان نہیں ہوں، ون ڈے ٹیم کے حوالے سے بات نہیں ہوئی، کپتان نہ ہونے کا کہا گیا تو ٹھیک ہے۔
ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ میں سلیکشن کے لیے دستیاب تھا، دستیاب ہوں اور ہمیشہ بھارتی ٹیم کی سلیکشن کے لیے دستیاب رہا ہوں، میں ون ڈے کرکٹ کھیلنے کے لیے بے تاب تھا۔