چین میں نوول کورونا وائرس کا علاج روایتی ادویات سے کرنے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔
قومی روایتی چینی ادویات اتھارٹی (ٹی سی ایم) کے مطابق مقامی طور پر پھیلنے والے کورونا اور بغیر علامات کے مریضوں کا علاج روایتی چینی ادویات سے کیا جارہا ہے۔
اتھارٹی کے عہدیدار بینگ یوآن نے کہا کہ ایسے مریض جنہیں ہلکا بخار، کھانسی، تھکاوٹ اور اس جیسی ہلکی و عام سے علامات والے مریضوں کے لیے روایتی چینی ادویات استعمال کی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے مریضوں کے علاج میں مقامی روایتی ادویات نے بنیادی کردار ادا کیا ہے تاہم شدید بیمار افراد کے لیے مغربی ادویات کا استعمال کیا گیا ہے۔
عہدیدار نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ فرنٹ لائن ورکرز کو وبا سے بچانے کے لیے روایتی چینی ادویات کو استعمال کیا گیا جب کہ قرنطینہ میں انفیکشن کے خطرے سے محفوظ رکھنے کے لیے بھی مریضوں کو روایتی چینی ادویات دی گئیں۔