ڈھاکا: ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں جنوبی کوریا نے پاکستان کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں جاری ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں جنوبی کوریا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو پانچ کے مقابلے میں چھ گول سے شکست دے دی۔
تین بار کی ایشین چیمپئن قومی ہاکی ٹیم کو پہلی بار سیمی فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
قومی ہاکی ٹیم نے پہلے کوارٹر میں برتری لی پھر کوریا نے کم بیک کیا، ابتدائی تین کوارٹرز میں کوریا کا پلڑا بھاری تھا، آخری کوارٹر میں پاکستان نے دو گول کرکے مقابلہ پانچ، پانچ سے برابر کیا۔
مزید پڑھیں: ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی: پاکستان اور جنوبی کوریا کا میچ ڈرا
اختتامی لمحات میں کوریا نے پنالٹی کارنر پر برتری لی جو فیصلہ کن ثابت ہوئی۔
واضح رہے کہ جنوبی کوریا نے پہلی بار فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے جبکہ پاکستان پہلی بار ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں جگہ نہ بنا سکا۔
یاد رہے کہ پاکستان میزبان بنگلہ دیش کو آخری راؤنڈ میں میچ میں چھ، دو سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچا تھا، قومی ٹیم کے بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی جبکہ جاپان اور جنوبی کوریا سے میچ برابر رہا تھا۔