کراچی: کے الیکٹرک نے نومبر کے مہینے کے لیے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کے نام پر 31 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دائر کر دی۔
تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کی جانب سے نومبر کے مہینے میں کی جانے والی فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کے لیے درخواست جمع کرائی گئی ہے، جس پر نیپرا کی جانب سے عوامی سماعت 3 جنوری کو ہوگی۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ اس عوامی سماعت میں جولائی تا ستمبر 2021 میں ہونے والی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ پر بھی سنوائی ہوگی، جب کہ نومبر میں ہونے والی فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کے تحت 31 پیسہ فی یونٹ اضافے کی درخواست کی گئی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ درخواست عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے کی گئی ہے،ایندھن کی قیمتوں میں کمی بیشی کے اثرات نیپرا کے قوانین کے عین مطابق صارفین تک براہ راست منتقل کیے جاتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی مد میں ہونے والے اضافے اور اس کے اطلاق کی تاریخ کا تعین نیپرا کی عوامی سماعت کے بعد کیا جائے گا۔
سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں کے الیکٹرک کی جانب سے 5.182 روپے فی یونٹ اضافے کی درخوست کی گئی ہے، اس اضافے کا اثر یونیفارم ٹیرف پالیسی کے تحت صارفین پر عمومی طور پر نہیں پڑتا، جب کہ اس مد میں درخواست کردہ اضافے کی وجہ عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں خاطر خواہ اضافہ ہے۔