معروف فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ نے فرائی ونگ آرڈر کرنے والی خاتون کو چونچ اور آنکھوں سمیت مرغی کا پورا سر فرائی کرکے بھیج دیا۔
آج کل آن لائن کھانا منگوانے کا رواج بڑھتا ہی جارہا ہے جو ایک تو وقت کی بچت ہے تو دوسری طرف دھوکہ دہی و نقصان کا باعث بھی بنتا ہے، جو بعض اوقات آرڈر کرنے والوں کےلیے کراہیت آمیز بھی ثابت ہوتا ہے۔
ایسا ہی ایک واقعہ برطانوی دارالحکومت لندن میں پیش آیا جہاں ایک خاتون کو اس وقت شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب انہوں نے مشہور فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ سے منگوایا گیا کچن ہاٹ ونگ کا آرڈر چیک کیا۔
گیبرایئل نامی خاتون نے کے ایف سی سے منگوائے گئے آرڈر کو کھولا تو فرائی ونگ کے ساتھ چونچ اور آنکھوں سمیت مرغی کا پورا سر فرائی ہوئی حالت میں برآمد ہوا۔
خاتون نے ریسٹورنٹ سے موصول ہونے والے آرڈر کی تصاویر فوٹو شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام پر شیئر کی اور کیپشن لکھا کہ ‘مجھے ہاٹ ونگ کے آرڈر سے مرغی کا فرائی سر بھی ملا جس کے باعث مجھے اپنا باقی کھانا چھوڑنا پڑا’۔
ریسٹورنٹ انتظامیہ نے ٹوئٹر پر خاتون کسٹمر کے آرڈر سے مرغی کا سر برآمد ہونے کو ریسٹورنٹ کی تاریخ کا بدترین واقعہ قرار دیا اور کہا کہ ہم اصل مرغی فروخت کرتے ہیں جو ہمارے لیے باعث فخر ہے، ہمارے لوگ تازہ کھانا ریسٹورنٹ میں تیار کرتے ہیں لیکن یہ واضح ہے کہ سپلائرز سے غلطی ہوئی ہے، ہم متاثرہ گاہک کو کچھ مفت کھانا فراہم کرنا چاہیں۔’۔