پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ سندھ اسکولز کرکٹ لیگ کا آغاز فروری میں ہوگا۔ لیگ کے پہلے مرحلے میں کُل 239 میچز کھیلے جائیں گے جو صوبے کے 30 مختلف اضلاع میں منعقد ہوں گے۔ جہاں 240 ٹیموں کے مجموعی طور پر 3850 کھلاڑی شرکت کریں گے۔
پہلے مرحلے کے اختتام پر لیگ کی 30 بہتریں ٹیموں کے مابین 24 میچز کھیلے جائیں گے۔ جہاں ٹاپ کرنے والی چھ ٹیمیں سندھ چیمپئن شپ میں شرکت کریں گی۔
اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو سندھ حکومت کا مکمل تعاون حاصل ہوگا۔
یہ فیصلہ گزشتہ ہفتے کراچی میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا ، جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ اور سندھ حکومت کے نمائندگان نے شرکت کی تھی۔اجلاس میں ڈائریکٹر نیشنل ہائی پرفارمنس ندیم خان، جنرل منیجر ڈومیسٹک جنید ضیاء،، چیئرمین سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن عمران حسین اور چیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ سمیت دیگر احکام نے شرکت کی۔
چیف سیکرٹری سندھ کے مطابق سندھ اسکولز کرکٹ لیگ پر مجموعی طور پر 27 ملین روپے خرچ ہوں گے۔ یہ تمام اخراجات سندھ حکومت برداشت کرے گی۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ دونوں شراکت دار سندھ کے 17 مختلف کرکٹ گراؤنڈز کی مشترکہ دیکھ بھال کریں گے۔ اس ضمن میں 57 ملین روپے پی سی بی اور 91 ملین روپے سندھ حکومت خرچ کرے گی۔یہ گراؤنڈز کراچی، حیدر آباد، بدین، جامشورو، لاڑکانہ، میرپورخاص، سانگھڑ، شہید محترمہ بے نظیرآباد اور شکار پور میں ہیں۔ان گراؤنڈز میں یہ رقم نیٹس، ہائی برڈ پچز، پچ رولر اور ڈریسنگ روم کی مد میں خرچ کی جائے گی۔