اسلام آباد : ملک بھر میں غیرمعیاری اور جعلی ادویات کی بھرمار کا انکشاف ہونے کے بعد ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے 12 غیر معیاری ادویات کی رجسٹریشن منسوخ کردی۔
کرونا سمیت متعدد وباؤں میں پاکستانیوں پر جعلی اور غیر معیاری ادویات کی مشکل بھی آن پڑی، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے غیرمعیاری ادویات کے 108 کیسز رجسٹرڈ کرلیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے غیرمعیاری ادویات کے 108 کیس رجسٹرڈ کیے ہیں جب کہ پنجاب حکومت نے غیرمعیاری ادویات کے خلاف 2960 کیس رجسٹرڈ کیے گئے ہیں۔
غیرمعیاری اور جعلی ادویات سے متعلق وزارت قومی صحت نے سینیٹ اجلاس میں تحریری جواب جمع کروا دیا۔
تحریری جواب میں وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پنجاب میں سو جعلی ادویات کے کیسز اور 465 ایف آئی آر درج ہوئیں جب کہ سندھ میں غیرمعیاری 64 کیسز رجسٹرڈ کیے گئے جن میں سے 9 پر تحقیقات جاری ہیں اور جعلی ادویات کے 8 کسیز رجسٹرڈ کرکے چھ پر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
وزارت صحت نے نے اپنے جواب میں سینیٹ کو آگاہ کیا کہ خیبرپختونخوامیں جعلی اور غیرمعیاری ادویات کے 508 کیسز رجسٹرڈ ہوئے ہیں جن میں سے میں 111 ایف آئی آرز درج اور 6026 کیس ڈرگ کورٹس بھجوائے گئے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں غیرمعیات اور جعلی ادویات کے 64 کیسز رجسٹرڈ ہوئے، اسلام آباد میں 14 کیسز جب کہ آزادکشمیر، گلگت بلتستان میں غیرمعیاری ادویات کے 161 کیسز رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔
وزارت صحت کے تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ ان کیسز میں 9 ایف آئی آرز درج ہوئیں ہیں۔