تازہ ترین

فرانس میں 46 جینیاتی تبدیلیوں والا کرونا وائرس کا نیاویرینٹ دریافت

پیرس: فرانس میں سائنس دانوں نے کرونا وائرس کا نیا ویرینٹ دریافت کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق فرانس میں 46 جینیاتی تبدیلیوں والا کرونا وائرس کا نیا ویرینٹ دریافت ہوا ہے، آئی ایچ یو (IHU) نامی اس نئے بی وَن سِکس فور زیرو ٹو (B16402) ویرینٹ سے 12 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

نئے ویرینٹ نے جنوب مشرقی فرانس کے شہر مارسیلی میں شہریوں کو متاثر کیا، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اس کا پہلا کیس افریقی ملک کیمرون کی سفری ہسٹری والے شخص سے منسلک تھا۔

عالمی میڈیا کے مطابق آئی ایچ یو ویرینٹ پہلی بار پچھلے مہینے جنوبی فرانس میں پایا گیا تھا لیکن اب اس نے عالمی ماہرین کی توجہ حاصل کرنا شروع کر دی ہے۔

اس ویرینٹ کی دریافت کا سہرا مارسیلی میں مقیم میڈیٹرینی انفیکشن یونیورسٹی ہاسپٹل انسٹیٹیوٹ کے محققین کے سر ہے، جن کا کہنا ہے کہ اس ویرینٹ میں 46 میوٹیشنز ہوئی ہیں، جو اومیکرون سے بھی زیادہ ہیں۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ نئے قسم کی نگرانی جاری ہے تاکہ پتا لگایا جا سکے کہ یہ کتنا خطرناک ہے۔

ڈاکٹرز نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا ہے کہ زیادہ میوٹیشنز کی وجہ سے آئی ایچ یو موجودہ ویکسینز کے خلاف زیادہ مزاحمت کر سکتا ہے، تاہم ماہرین نے کہا ہے کہ اس کے اثرات کے بارے میں یقین کے ساتھ کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

Comments

- Advertisement -