اسلام آباد : اپوزیشن رہنماؤں نے مری اورگلیات میں اموات پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے مری اورگلیات میں اموات پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ پھنسی گاڑیوں میں اموات انتظامی نااہلی،مجرمانہ غفلت ہے، عمران نیازی میں تواخلاقی جرات نہیں، سنگین مجرمانہ غفلت کےذمہ داروزیر،ماتحتوں کوہی برخاست کریں۔
،شہبازشریف کا کہنا تھا کہ اس خون ناحق پرکسی کوتو ذمہ دار ٹھہرایا جائے، عوام کےخون پرحکومتی مجرمانہ خاموشی بدترازگناہ کے مترادف ہے، یہ وفات نہیں شہریوں کے قتل عمد کے مترادف ہے۔
انھوں نے کہا سیاحت میں اضافے کا حکومتی پروپیگنڈا سفاکی، سنگ دلی کی انتہا ہے، مغرب کی مثالیں دینے والوں نے تو مشرقی روایات کی لاج نہ رکھی، متاثرہ خاندانوں سےدلی ہمدردی،تعزیت کرتاہوں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری نے مری میں سیاحوں کے جاں بحق ہونے پر اظہارافسوس کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا مری میں افسوس ناک سانحے پر پورا ملک سوگوارہے، بہترہوتا کہ مری میں سیاحوں کو سنگین صورت حال سے آگاہ کیا جاتا، انتظامیہ سیاحوں کی فی الفور مدد کے لیے ہنگامی اقدامات کرے۔
جےیوآئی سربراہ مولانافضل الرحمان نے سانحہ مری پر اظہارافسوس کرتے ہوئے کہا خاندانوں کے ساتھ پیش آنےوالا واقعہ افسوس ناک ہے، متاثرہ خاندانوں کےدکھ دردمیں برابرکےشریک ہیں اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتا ہوں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ موسم میں چند لمحوں کی خوشی کو بھی حکومت کے ناقص انتظامات نے غارت کر دیا، مری کے عوام اپنی مدد آپ کے تحت سیاحوں کی مدد کریں ، حکمرانوں نے عوام کوریلیف دینے کی بجائے بے یارومددگار چھوڑ دیا ہے۔
سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے بھی مری میں قیمتی انسانی جانوں کےضیاع پراظہارافسوس کرتے ہوئے کہا سیاح ایسی صورتحال میں مری کارخ کرنےسےگریزکریں۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ خراب موسم پرحکومت کو پیشگی اقدامات اُٹھانےچاہییں تھے،متعلقہ محکموں کوپہلے وارننگ جاری کرنی چاہیے تھی۔
انھوں نے مزید کہا کہ حکومت کی ناقص حکمت عملی کےباعث انسانی جانوں کانقصان ہوا، افسوسناک سانحہ کی مکمل تحقیقات اورذمہ دارں کوسزاملنی چاہیے۔