کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ اومیکرون تیزی سے پھیلتا جارہا ہے، احتیاط کریں اور ماسک ضرور پہنیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اومیکرون کیسز کے حوالے سے بیان میں کہا کہ 6 سے 7 جنوری 2022 تک 24 ٹیسٹ کیے گئے، ان 24 نمونوں میں سے اومیکرون کے 21 کیسز رپورٹ ہوئے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اومیکرون تیزی سے پھیلتا جارہا ہے، عوام احتیاط کریں،سینیٹائیزرکااستعمال کریں اور بازاروں،دفاتراورعوامی مقامات پرماسک ضرور پہنیں کیونکہ اس وباسےصرف احتیاط سےہی بچاؤممکن ہے۔
یاد رہے کراچی میں کرونا وائرس کیسز کی شرح 11.72 فیصد تک پہنچ گئی ہے ، کراچی میں گزشتہ روز کرونا وائرس کے 633 مثبت کیسز سامنے آئے تھے۔
خیال رہے ملک بھر میں کرونا وائرس کیسز میں اضافہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا وائرس کے 13 سو 45 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 13 لاکھ 2 ہزار 486 ہوچکی ہے۔