اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

ہوٹل مالکان نے کمرے کا کرایہ 50 ہزار تک بڑھا دیا، مری میں سیاح کا انکشاف

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی: مری جانے والے سیاحوں نے انکشاف کیا ہے کہ ہوٹل مالکان برف باری میں پھنسنے والے سیاحوں کو بے رحمی سے لوٹتے رہے، اور کمرے کا کرایہ 50 ہزار روپے تک بڑھا دیا۔

تفصیلات کے مطابق مری میں پھنسنے والے سیاحوں نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہوٹل مالکان نے کمرے کا کرایہ 50 ہزار تک بڑھا دیا ہے، سیاحوں سے کمرے کا کرایہ 50 ہزار لیا جاتا رہا، پیسے نہ ہونے پر ہم گاڑیوں میں پھنسے رہے۔

واضح رہے کہ مری میں شدید برف باری کے باعث ہزاروں سیاح گاڑیوں میں پھنسے ہوئے ہیں، جنھیں نکالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، جب کہ 22 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، جی ڈی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گلیات، نتھیاگلی، ایوبیہ، چھانگلہ گلی میں 10 ہزار سے زائد سیاح اس وقت موجود ہیں، اور زیادہ تر فیملیز ہیں، مری روڈ کھلنے کے بعد ہی یہ سیاح ہوٹلز سے نکل سکیں گے۔

- Advertisement -

حویلی لکھا کی بھی ایک فیملی مری میں پھنس گئی ہے، 7 افراد پر مشتمل فیملی کلڈانہ چوک واپڈا ریسٹ ہاؤس میں موجود ہے، شہری فرقان نے بتایا کہ ہوٹل انتظامیہ نے فیملی کو ہوٹل چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے، اور انتظامیہ رابطے کے باوجود مدد نہیں کر رہی، میری فیملی کے علاوہ مزید 3 فیملیز بھی ہیں، متاثرین کی تعداد 25 کے قریب ہے، ہمیں ریسکیو کیا جائے۔

پاک فضائیہ کا سیاحوں کو نکالنے کیلئے ہیلی کاپٹر آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ

مری میں برف باری میں جاں بحق 2 افراد کوٹ لکھپت کے رہائشی تھے، 31 سال کے معروف اور 40 سال کے ظفر جمعرات کو مری گئے تھے، اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ان سے رات 12 بجے سے رابطہ منقطع تھا، صبح کال کی جو ریسکیو اہل کار نے اٹھائی اور اموات سے آگاہ کیا۔

مری برفباری میں جاں بحق ہونے والا محمد اشفاق کامونکی کا رہائشی تھا، اشفاق اور اس کے ساتھیوں کی آخری ویڈیو بھی منظر عام پر آ گئی ہے، متوفی اشفاق کامونکی نئی آبادی میں رہائش پذیر تھا، اشفاق اور اس کے لاہور کے رہائشی 2 دوست اکٹھے مری گئے تھے۔

مری کے کشمیر پوائنٹ پر نارووال کی فیملی پھنس گئی

ادھر ترجمان پنجاب پولیس نے کہا ہے کہ مری کی 90 فی صد سڑکیں کلیئر کرا لی گئی ہیں، گاڑیوں میں سے بچوں اور فیملیز کو نکال لیا گیا ہے، جنھیں سرکاری گیسٹ ہاؤس اور محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے، شہریوں کو خوراک، ادویات، گرم کپڑے فراہم کیے جا رہے ہیں۔

ترجمان پولیس کے مطابق مری میں ایک لاکھ 57 ہزار 665 گاڑیاں داخل ہوئیں، جب کہ کل شام تک مری سے ایک لاکھ 23 ہزار 920 گاڑیاں باہر گئیں، اور کل تک مری میں 33 ہزار 745 گاڑیاں موجود تھیں، مری میں اس وقت سیاحوں کی خالی گاڑیاں برف میں پھنسی ہیں، ایکسپریس ہائی وے مکمل طور پر کلیئر ہے، پرانا جی ٹی روڈ پر ٹریفک آہستہ آہستہ چل رہی ہے، کلڈنہ سے باڑیاں تک روڈ سے برف ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں