کراچی: اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے صدر اور سی ای او سلمان اقبال کو 23 مارچ 2022 کو یوم پاکستان کے موقع پر پاکستان کا ؕاعلیٰ سول ایوارڈ ستارہ امتیاز سے نوازا جائے گا۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال کو کرکٹ کے لیے ان کی خدمات پر یہ اعزاز دیا جائے گا۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ خط میں اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے صدر اور سی ای او کو بتایا گیا ہے کہ یوم پاکستان کے موقع پر منعقدہ تقریب میں گورنر سندھ عمران اسماعیل کی جانب سے انھیں ستارہ امتیاز سے نوازا جائے گا۔
سلمان اقبال پی ایس ایل فرنچائز کراچی کنگز کے مالک ہیں جس نے متعدد معیاری کرکٹرز تیار کیے ہیں-
جون 2021 میں سلمان اقبال نے ’90-نائنٹی بیش’ کے نام سے ایک نئی بین الاقوامی کرکٹ لیگ کا بھی اعلان کیا تھا جو جلد ہی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں منعقد ہوگی۔
ستارہ امتیاز کیا ہے؟
ستارہ امتیاز پاکستان کا اعلیٰ سویلین اعزاز ہے۔ یہ ان افراد کو دیا جاتا ہے جنھوں نے "پاکستان کی سلامتی یا قومی مفادات، عالمی امن، ثقافتی یا دیگر اہم عوامی کوششوں کے لیے شان دار خدمات” انجام دی ہوں۔