دہلی : بھارت کی نامور گلوکارہ لتا منگیشکر کو کورونا کے بعد ایک اور بیماری لاحق ہوگئی ہے، خبر سن کر ان کے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
گزشتہ روز گلوکارہ کے کورونا میں مبتلا ہونے اور آئی سی یو میں داخل ہونے کے بعد ایک اور بیماری کی بھی تشخیص ہوئی ہے، جس کے بعد ان کے عزیز و اقارب اور مداح تشویش میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر میں کورونا وائرس کی رپورٹ مثبت آنے کے بعد اب نمونیا کی بھی تشخیص ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 92 سالہ لتا منگیشکر کو اسپتال منتقل کیے جانے سے متعلق خبریں گزشتہ روز منظرِ عام پر آئیں لیکن وہ ہفتے کی شب سے ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال کے آئی سی یو میں داخل ہیں۔
اس حوالے سے گلوکارہ لتا منگیشکر کے ذاتی معالج ڈاکٹر پریت صمدانی کا کہنا ہے کہ گلوکارہ کورونا کے ساتھ ساتھ نمونیا میں بھی مبتلا ہیں۔
بریچ کینڈی اسپتال سے تعلق رکھنے والے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر پریت صمدانی پچھلے کئی برسوں سے لتا منگیشکر کی دیکھ بھال کررہے ہیں۔