گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان کے معاشی حب کراچی میں کورونا میں مبتلا ہونے والوں کی شرح 20 فیصد سے بھی تجاوز کرگئی ہے۔
کورونا کی پانچویں لہر نے آہستہ آہستہ ملک بھر میں پنجے گاڑنا شروع کردیے ہیں تاہم کراچی والے ہوجائیں خبردار کہ سب سے بڑی آبادی والے شہر میں کورونا کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔
اے آر وائی نیوز کو محکمہ صحت کی موصولہ رپورٹ کی تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر قائد میں کورونا کیسز کی شرح 20.22 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق شرح کے حساب سے دوسرے نمبر پر میرپورآزادکشمیر ہے جہاں 24 گھنٹوں کے دوران 10 فیصد افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور میں کورونا کیسز کی شرح 7.15 فیصد، اسلام آباد میں 4.56 فیصد، پشاور میں 3.53 فیصد، حیدرآباد میں 3.32 فیصد، صوابی میں 2.55 اور کوئٹہ میں 1.47 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق 7 اضلاع میں کورونا کی شرح ایک فیصد سے کم ریکارڈ کی گئی جن میں ملتان، سرگودھا، گوجرانوالہ، فیصل آباد شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق گلگت بلتستان، اسکردو، غذر، بنوں، مردان، ایبٹ آباد، بہاولپور، سوات، نوشہرہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئی کورونا کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق کورونا کی حالیہ لہر کے حوالے سے ملک بھر کے 25 اضلاع اہم ہیں۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کورونا کی نئی لہر کے حوالے سے پہلے ہی انتباہ جاری کرچکے تھے۔