کراچی : شہر قائد میں کورونا کی شرح 28 فیصد سے تجاوز کرگئی تاہم صوبائی حکام نے شہر میں لاک ڈاؤن کے امکانات کو مسترد کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں کورونا کی صورتحال خطرناک ہوتی جارہی ہے، تین کروڑ سے زائد آبادی والے شہر میں چوبیس گھنٹے میں 7 ہزار 226 ٹیسٹ کیے گئے۔ جس میں 2 ہزار 81 مثبت نکلے ، جس کے بعد کورونا کی شرح 28.80 فیصد تک پہنچ گئی۔
سندھ حکومت کراچی میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے کے امکانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فی الحال اسپتالوں میں مریض کی تعداد ابھی کم ہے اس لیے پابندیاں نہیں لگائی جارہیں ۔ اور ملکی معیشت بھی اس قابل نہیں ہے کہ پابندیاں لگائی جائیں۔
یاد رہے وفاقی کابینہ نے کورونا کیسز میں اچانک اضافے کے باوجود ملک میں لاک ڈاؤن نافذ نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ حال ہی میں کورونا کیسز میں دو گنا اضافہ دیکھا گیا ہے تاہم کابینہ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کے خلاف ہے۔