نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے جاز کیش اور ایزی پیسہ کے ساتھ مل کر تمام نادرا دفاتر پر اپنی خدمات کے لیے ڈیجیٹل ادائیگیاں قبول کرنے کی سہولت متعارف کرا دی۔ شہری اب اپنی جاز کیش اور ایزی پیسہ ایپ کے ذریعے نادرا دفاتر میں شناختی کارڈ پروسیسنگ یا دیگر شناختی دستاویزات کی فیس ڈیجیٹل طور پر ادا کر سکتے ہیں۔
ڈجیٹل ادائیگیوں کی یہ سروس نادرا سینٹرز پر حال ہی میں کریڈٹ/ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے دائیگیوں سے شروع کی گئی اورنئی سروس نقد ادائیگی کے ساتھ ساتھ متبادل ڈیجیٹل ادائیگی کے آپشن فراہم کرکے عوامی سہولت میں اضافہ کرتی ہے۔ اس سروس کو23ملین سے زائد ایزی پیسہ اور جازکیش والیٹ صارفین با آسانی استعمال کر سکیں گے۔
اس سلسلے میں افتتاحی تقریب نادرا ہیڈ کوارٹرز میں منعقد کی گئی ۔ اس موقع پر چیئرمین نادرا طارق ملک، سی ای او جاز ، عامر ابراہیم اور سی ای او ایزی پیسہ، محمد مدثر عاقل بھی موجود تھے ۔
کنٹیکٹ لیس ادائیگیوں کے لیے موبائل والٹس کے ساتھ نادرا کااشتراک ایک ڈیجیٹل اور دستاویزی معیشت کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور اسٹیٹ بینک کے وژن کی عین عکاسی کرتا ہے۔
شہریوں کے لیے ڈیجیٹل ادائیگی کے گیٹ ویز کے اجراء کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا کہ انہوں نے شناخت کے نظام کے لیے نادرا کو گلوبل بینچ مارک بنانےکاعزم کیا اور اس کے لیے ہر ممکن اقدامات کِیے ۔ انہوں نے کہا کہ "چونکہ ہم سمارٹ گورننس اور بہتر سروس ڈیلیوری کے اہداف کے حصول کے راستے پر جارحانہ انداز میں چل رہے ہیں، میری قیادت میں نادرا کی ڈیجیٹل مداخلت کا واحد مقصد شہریوں اور معاشرے کو بڑے پیمانے پر سہولت فراہم کرنا ہے۔”
طارق ملک نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگی کا پلیٹ فارم 20 ملین سے زیادہ ممکنہ صارفین کو ادائیگی کے آسان متبادل آپشن فراہم کرتا ہے جو پہلے ہی جاز کیش اور ایزی پیسہ دونوں کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے 655 نادرا مراکز میں روزانہ تقریباً ایک لاکھ سے زائد صارفین نادرا مراکز پر آتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادائیگی کے نظام کو ڈیجیٹل کرنے کا مقصد ڈیجیٹل نیٹ پر ایک بہت بڑا کسٹمر بیس لانا ہے تاکہ انہیں ادائیگی کا ایک آسان اور محفوظ طریقہ پیش کیا جائے اور ڈیجیٹل پاکستان کی طرف موڑ دیا جائے۔
سی ای او جاز کیش مرتضٰی علی نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جاز کیش اور نادرا کا اشتراک ہمیشہ مثالی رہا ہے اور اس سروس کا آغاز عوامی خدمات کو ڈیجیٹل کرنے کی جانب ایک اور قدم ہے۔ سب سے بڑے ڈیجیٹل موبائل والٹ کی حیثیت سےجاز کیش کی انتظامیہ اپنا قومی فریضہ سمجھتی ہے کہ حکومت کو کیش لیس اکانومی کی طرف منتقل کرنے میں مدد کریں، اور ایسےاقدامات کی بدولت ہم اسٹریٹجک اشتراک کو موثر بناتے ہیں۔ یہ شراکت داری پاکستان کے شہریوں کو نادرا کی خدمات کی فراہمی میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فعال کر کے، لین دین کو زیادہ محفوظ اور آسان بنا کر سہولت فراہم کرے گی۔