لاہور : بینکنگ جرائم کورٹ نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی مقدمات میں عبوری ضمانتوں کا تحریری فیصلہ جاری کرديا ہے۔
تحریری فیصلے کے مطابق شہباز شریف اورحمزہ شہبازکی ضمانت میں21جنوری تک توسیع کی گئی ہے،فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز متعلقہ عدالت سے عبوری درخواست ضمانت کے لیے رجوع کریں۔
درخواست گزار کے وکلا کی استدعا پر متعلقہ عدالت سے رجوع کی مہلت دی گئی ہے، ضمانت کے لیے مہلت دینے پر ایف آئی اے وکلاء کو اعتراض نہیں ہے۔
فیصلہ کے مطابق ایف آئی اے نے اس عدالت کا دائرہ اختیار نہ ہونے پر چالان واپس لینے کی استدعا کی گزشتہ روزعدالت نے ایف آئی اے کی جانب سے دائرچالان واپس کیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور کی بنکنگ جراٸم کورٹ کے جج راٸے طاہر صابر نے شوگر انکواٸری منی لانڈرنگ کیس میں ایف آٸی اے کو چالان واپس کردیا۔ عدالت نے سات روز کے لیے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی حفاظتی ضمانت منظور کی تھی۔
قبل ازیں بینکنگ جرائم کورٹ میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف شوگر مل کے ذریعے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے موقع پر عدالت نے شہبازشریف کی حاضری معافی درخواست منظور کرلی۔