کراچی: پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کا نیا بلدیاتی قانون ہی کالا نہیں ان کا منہ بھی کالا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ حکومت کے نئے بلدیاتی قانون کے خلاف اپوزیشن جماعتوں ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی نے کراچی پریس کلب پر احتجاج کیا۔
حلیم عادل شیخ نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہوگئی تسلی، ابھی تو پارٹی شروع ہوگئی ہے، یہ لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کی گندم کھانے والوں چوہوں کو پکڑنے کے لیے پنجرے لگا لیے، کالے قانون کیخلاف گھوٹکی سے کراچی تک مارچ ہوگا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سندھ کے حکمران مافیاز ہیں، سندھ کے حکمران گندم کے ساتھ ساتھ کھاد اور ویکسین بھی کھاتے ہیں، سندھ کے حکمران آئین توڑنے والے حکمران ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم علی بابا اور چالیس چوروں کے خلاف نکلے ہیں۔
اس سے قبل احتجاجی مظاہرے سے ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان اور خواجہ اظہار الحسن نے بھی خطاب کیا اور سندھ حکومت پر سخت تنقید کی۔