اتوار, مئی 12, 2024
اشتہار

جنسی اسکینڈل: برطانوی شہزادے نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ڈیلیٹ کر دیے

اشتہار

حیرت انگیز

لندن: برطانوی پرنس اینڈریو نے شاہی اعزازات سے محروم ہونے کے 6 دن بعد سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ اور محدود کر دیا۔

بکنگھم پیلس نے ایک ہفتہ قبل کہا تھا کہ ڈیوک آف یارک 61 سالہ پرنس اینڈریو سے ان کے فوجی اعزازات اور شاہی سرپرستی لے کر ملکہ کو واپس کر دی گئی ہے۔

پرنس اینڈریو پر ورجینیا جوفرے نامی خاتون نے بچوں کے جنسی استحصال کا الزام لگایا ہے، انھوں نے الزام لگایا کہ انھیں ایک امریکی فنانسر اور سزا یافتہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹین نے کم عمری میں اسمگل کیا تھا۔

- Advertisement -

تاہم شہزادہ اینڈریو امریکی شہری جوفرے کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی مسلسل تردید کرتے آ رہے ہیں، ڈیوک کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ نیویارک میں ورجینیا جوفرے کے لائے گئے مقدمے کے خلاف اپنا دفاع جاری رکھیں گے۔

اب جب کہ برطانوی شہزادے کو بچوں کے جنسی استحصال کے مقدمے کا سامنا ہے، نہ صرف ان سے شاہی اعزازات واپس لے لیے گئے ہیں، بلکہ وہ سوشل میڈیا پر اپنی موجودگی کو بھی مٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

صارفین نے جب ان کے ٹوئٹر پیج پر جانا چاہا تو معلوم ہوا کہ وہ اپنا اکاؤنٹ ڈیلیٹ کر چکے ہیں، اور انسٹاگرام پیج میں بھی تبدیلیاں کر کے اسے پرائیویٹ کر چکے ہیں، جب کہ فیس بک پیج لائیو تو ہے لیکن غیر فعال پڑا ہوا ہے، اس پر آخری پوسٹ جنوری 2020 میں کی گئی تھی۔

اینڈریو کے قریبی ذرائع نے آج ڈیلی میل آن لائن کو بتایا کہ ان کے تمام سوشل میڈیا چینلز اب ہٹا دیے گئے ہیں اور اب لائیو نہیں ہیں، لیکن ان میں سے کچھ کو فلٹر ہونے میں زیادہ وقت لگ رہا ہے، نیز یہ تبدیلیاں ڈیوک آف یارک کے حوالے سے بکنگھم پیلس کے حالیہ بیان کی عکاسی کرنے کے لیے کی گئی ہیں۔

پرنس اینڈریو ملکہ الزبتھ دوم اور شہزادہ فلپ کے تیسرے بچے اور دوسرے بیٹے ہیں، اور برطانوی تخت کی جانشینی کی قطار میں نویں نمبر پر ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں