کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان محمد رضوان کو آسٹریلوی ٹیم کی پاکستان آمد کا بے صبری سے انتظار ہے، انہوں نے جذباتی پیغام جاری کردیا ہے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان محمد رضوان نے کہا کہ کینگروز ٹیم کی پاکستان آمد پر بے حد خوشی ہے، آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم 24 برس بعد پاکستان کا دورہ کر رہی ہے، ان کی پاکستان آمد کا احساس ابھی سے ہو رہا ہے۔
سال دوہزار اکیس میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے محمد رضوان نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم کو پاکستان کی پوری قوم خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہے، کینگروز ان دنوں بہترین کرکٹ کھیل رہی ہے، پاکستان ٹیم بھی بہترین فارم میں ہے امید ہے کہ دونوں ممالک کے کھلاڑیوں کا مضبوط تعلق سیریز کو چار چاند لگائے گا۔
محمد رضوان نے دورہ پاکستان سے متعلق آسٹریلوی کھلاڑیوں، سابق کرکٹرز، فینز اور براڈ کاسٹرز کے بیان خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب تک جتنی گفت وشنید ہوئی اس سے یہ ثابت ہورہا ہے کہ کینگروز ٹیم اپنے بہترین کھلاڑیوں کے ساتھ پاکستان کا دورہ کرے گی۔
محمد رضوان نے کرکٹ فینز کو قومی ٹیم کی جان قرار دیتے ہوئے کہا کہ گراؤنڈ میں موجود تماشائی جب ہمارا حوصلہ بڑھاتے ہیں تو ٹیم کو ایک نیا جوش ملتا ہے، آسٹریلیا سے سیریز میں بھی کراؤڈ کی جانب سے حوصلہ افزائی ہمارے لئے بہترین ثابت ہوگی۔
.@iMRizwanPak is super excited for the Australian tour to Pakistan. Let's hear his thoughts on the historic series that will be played in March-April 2022. pic.twitter.com/I2nLvhX8g6
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) January 20, 2022
یاد رہے کہ آسٹریلوی ٹیم تین ٹیسٹ، تین ون ڈے انٹرنیشنل اور ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے کے لیے مارچ/ اپریل میں پاکستان کا دورہ کرے گی، سیریز میں شامل تینوں ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جبکہ تمام ون انٹرنیشنل میچز آئی سی سی مینز ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔