اتوار, دسمبر 22, 2024
اشتہار

مسافر کی عجیب حرکت، امریکی جہاز کو فضا میں واپس موڑ لیا گیا

اشتہار

حیرت انگیز

میامی: امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی سے لندن جانے والی ایک پرواز میں مسافر نے ماسک پہننے سے انکار کر دیا، جس پر طیارے کو فضا میں واپس میامی ایئرپورٹ کی جانب موڑنا پڑ گیا۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کی رات کو امریکی ایئر لائن کے جہاز میں سوار مسافر کی جانب سے کرونا کا حفاظتی ماسک پہننے سے انکار پر آدھے راستے میں ہی جہاز کو واپس موڑ لیا گیا، جمعرات کو ایئر لائن حکام نے بتایا کہ پرواز میامی سے لندن جا رہی تھی، تاہم اس دوران ایک مسافر نے ماسک پہننے کا ضابطہ ماننے سے انکار کر دیا۔

دوران پرواز مسافر کی جانب سے بدمزگی پیدا ہونے پر جب معاملہ حل نہ ہوا تو پائلٹ کو مجبوراً جہاز کو واپس میامی لے جانا پڑ گیا، 129 مسافروں اور 14 عملے کے ارکان کو لے کر روانہ ہونے والے بوئنگ 777 جب واپس ایئر پورٹ آئی تو پولیس پہلے سے وہاں پہنچ چکی تھی۔

- Advertisement -

امریکی حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تحقیقات کے بعد اس مسافر کو ان لوگوں کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے جن کے ہوائی سفر پر پابندی عائد ہے۔

ایئر لائن نے بتایا کہ طیارہ میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت اتر گیا تھا، جہاں پولیس پہلے سے موجود تھی، تاہم پولیس نے مذکورہ مسافر جو 40 سالہ ایک خاتون تھیں، کو گرفتار نہیں کیا۔

طیارے کی واپسی سے قبل اسے فضا میں ڈیڑھ گھنٹا ہو چکا تھا، مسافروں کا وقت ضایع ہونے پر ایئرلائن کو ان سے معافی بھی مانگنی پڑی۔

وفاقی ہوا بازی کی انتظامیہ نے جنوری 2021 میں کہا تھا کہ ایسے کسی بھی عمل کو قطعی برداشت نہیں جو وبا سے بچاؤ کے ضوابط کے خلاف ہو اور ان میں ماسک پہننا لازمی ہے۔ یہ قدم ان بے شمار واقعات کے بعد اٹھایا گیا تھا جن میں مسافروں نے ماسک پہننے سے انکار کیا تھا، جس پر لڑائی جھگڑے بھی ہوئے تھے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں